بنگلورو، 27؍نومبر(ایس او نیوز)بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) بجٹ میں عوامی مشوروں کو شامل کرنے کے مقصد سے جنا گراہا نامی رضاکارانہ ادارے کی جانب سے ہر سال ”مائی سٹی۔مائی بجٹ“(اپنا شہر۔اپنا بجٹ) مہم چلائی جاتی ہے جس کے تحت بی بی ایم پی کے تمام وارڈز میں مہم کے دوران مقامی افراد سے مشورے حاصل کر کے اس کو تفصیلی رپورٹ کی شکل میں بی بی ایم پی کو پیش کیاجاتا ہے۔پھر ان کو سنجیدگی کے ساتھ لے کر بی بی ایم پی عوامی مشوروں کواپنے بجٹ میں شامل کرتا ہے۔2023-24ء کے بجٹ کے لئے بھی جنا گراہا ادارے نے یہ مہم شروع کی ہے۔
بی بی ایم پی صدر دفترکے احاطے میں بی بی ایم پی شعبہئ مالیات کے اسپیشل کمشنر جئے رام رائے پور نے ہری جھنڈی دکھا کرمہم کا آغاز کیا۔ مہم کے دوران مہم کی گاڑی بی بی ایم پی کے تمام243وارڈز میں عوام سے رائے مشورے حاصل کرے گی۔ سڑکوں، فٹ پاتھ، اسٹریٹ لائٹس،کوڑا کرکٹ نکاسی اور رین واٹر ہارویسٹنگ نظام کے متعلق شہریوں سے مشورے حاصل کئے جائیں گے۔ اس موقع پر اسپیشل کمشنر جئے رام رائے پور نے اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے بتایاکہ بی بی ایم پی بجٹ میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ ساجھیداری کے مقصد سے جنا گراہا ادارہ”مائی سٹی۔ مائی بجٹ“ مہم کا اہتمام گذشتہ7سال سے کر رہا ہے۔
انہوں نے بتا یا کہ اس مہم کے تحت مہم کی گاڑی تمام243وارڈس میں گھوم کر مقامی افراد سے مشورے حاصل کرے گی۔ ایک ماہ کی مہم کے دوران 2023-24ء کے بی بی ایم پی بجٹ میں شہر میں ترقیاتی کاموں کے متعلق عوام سے اپنے مشورے حاصل کئے جائیں گے۔ ایک ماہ کے مہم کے بعد جنا گراہا ادارہ عوام کے تمام مشوروں کو اکٹھا کر کے ایک تفصیلی رپورٹ بی بی ایم پی کو پیش کرے گاجس کے بعد مشوروں کو بی بی ایم پی بجٹ میں شامل کرنے کے لئے درکار اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتا یا کہ گذشتہ سال یعنی 2022-23 کے بجٹ میں 198وارڈز میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ایک کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے،جس کو وارڈ سطح کمیٹی کی سفارشات کے تحت فنڈ جاری کیا گیا ہے۔ ابتک ہر وارڈ کے لئے70لاکھ روپئے جاری کئے جا چکے ہیں،بقیہ30لاکھ روپئے سڑکوں کی مرمت اور کھڈوں کو بند کرنے کے کاموں کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وارڈز کے لئے افزود رقم جاری کرنے کی مانگ کی جارہی ہے،اس کو سنجیدگی کے ساتھ لے کر ہر وارڈ میں مقامی مسائل کو حل کرنے کے لئے افزود رقم جاری کرنے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جا ئے گا۔ اس کیلئے درکار اقدامات کر تے ہو ئے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتا یا کہ ”مائی سٹی۔ مائی بجٹ“ مہم کے تحت بی بی ایم پی کے تمام 243وارڈس میں مہم کی گاڑی ایک ماہ تک گھومتے ہو ئے عوام سے مشورے حاصل کرے گی،اس کے علاوہ http:/www.mycitymybudget.in پر بھی آن لائن مشورے دئے جاسکتے ہیں۔ اس موقع پر جنا گراہا ادارے کے سنتوش نراگند، بی پیاک،وہائٹ فیلڈ ریجس،وارڈ سطح کمیٹی سمیت دیگر رضاکارانہ تنظیموں کے عہدیداران اور بی بی ایم پی کے اعلیٰ افسران حاضر رہے۔